ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یورپ میں دہشت گردی کے بڑے واقعات،تاریخ کے آئینے میں

یورپ میں دہشت گردی کے بڑے واقعات،تاریخ کے آئینے میں

Fri, 15 Jul 2016 16:23:37  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن،15؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یورپ کا اہم ملک فرانس جمعرات کو ایک مرتبہ پھر شدت پسندی کے ایک حملے کا نشانہ بنا ہے۔ جنوبی شہرنیس میں حملہ آور نے اپنے ٹرک تلے کچل کر 84افراد کو ہلاک کیا ہے جبکہ 150سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔رواں دہائی کے آغاز کے بعد سے براعظم یورپ کے مختلف ممالک شدت پسندوں کے نشانے پر رہے ہیں۔ یہاں ان حملوں کی مختصر تفصیل دی جا رہی ہے۔ترکی کے شہر استنبول کے بین الاقوامی اتاترک ہوائی اڈے پرتین خودکش حملہ آوروں نے دھماکے کیے جن میں 42افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک شدگان میں 13غیرملکی بھی شامل تھے۔کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ ان حملوں میں خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والی شدت پسند تنظیم ملوث ہے۔
بلجیم کے دارالحکومت برسلز کا ہوائی اڈہ اور شہر کا میٹرو سٹیشن تین دھماکوں کا نشانہ بنا جو کہ خودکش تھے۔ ان حملوں میں 34افراد ہلاک ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 150سے زیادہ تھی۔وزیرِ اعظم شارل میشیل نے ان حملوں کو ملک کی تاریخ کا سیاہ لمحہ قرار دیا۔اس مرتبہ خودکش حملہ آور کا ہدف ترک دارالحکومت انقرہ کا ایک مصروف اور پرہجوم علاقہ کیزلے تھا۔ دھماکے میں 34افراد کی جان گئی جبکہ 125افراد زخمی ہوئے۔ اس حملے کی ذمہ داری کردش فریڈم ہاکس نامی جنگجو گروہ نے قبول کی۔
فرانس کا دارالحکومت 13نومبر کو اس وقت دھماکوں اور فائرنگ سے گونج اٹھا جب شہر کے چھ مقامات پر شدت پسندوں نے ریستورانوں، موسیقی کی تقریب اور فٹبال سٹیڈیم کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں 130افراد ہلاک ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد سینکڑوں میں تھی۔شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی جبکہ فرانسیسی صدر نے اس کے بعد ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی۔
پیرس میں متنازع سیاسی رسالے چارلی ایبڈو کے دفتر اور ایک یہودی سپر مارکیٹ پر مسلح حملہ آوروں نے سلسلہ وار حملوں میں 17افراد کو ہلاک کر دیا۔پہلے سعید اور شریف کواشی نامی دو بھائیوں نے چارلی ایبڈو کے دفتر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس سے 12افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ایک اور شدت پسند نے ایک یہودی سپر مارکیٹ میں مزید افراد کو نشانہ بنایا۔
یہ تمام حملہ آور پولیس سے مقابلے میں مارے گئے۔
برسلز کے یہودی عجائب گھر میں کلاشنکوف سے مسلح شخص کی فائرنگ سے چار افراد مارے گئے۔ہلاک شدگان میں دو اسرائیلی شہری تھے جبکہ ایک کا تعلق بیلجیئم اور ایک کا فرانس سے تھا۔حملہ آور کا نام مہدی نموش بتایا گیا جسے بعد ازاں فرانس سے گرفتار کر کے بیلجیئن حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ اس کا تعلق شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے بتایا گیا۔شدت پسند تنظیم القاعدہ سے منسلک ہونے کے دعویدار محمد مراح نامی شخص نے فرانس کے جنوبی شہر تولوز میں فائرنگ کر کے یہودی سکول کے تین طلبا، ایک ربی اور تین فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ فرانسیسی پولیس نے 32گھنٹے کے محاصرے کے بعد حملہ آور کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب وہ فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ناروے میں دائیں بازو کے شدت پسند نظریات رکھنے والے حملہ آور آنرش بہرنگ بریوک نے پہلے دارالحکومت اوسلو میں ایک بم دھماکہ کیا اور اس کے بعد یوٹویا نامی جزیرے پر نارویجن لیبر پارٹی کے یوتھ کیمپ میں گھس کر فائرنگ کر دی اور ان واقعات میں 77افراد جان سے گئے جن میں سے بیشتر نوجوان تھے۔ان حملوں کے بعد بریوک کو حراست میں لے لیا گیا اور عدالت نے مقدمہ چلانے کے بعد انھیں 21برس قید کی سزا سنائی۔


Share: